+(00) 123-345-11

نمازِ جنازہ فرض کفایہ ہے ایک آدمی کے ادا کرنے سے سب گنہگار ہونے سے بچ جاتے ہیں، اب صورتحال یہ ہوتی ہے کہ جب نمازِ جنازہ ادا ہو رہی ہوتی ہے تو بعض لوگ ارد گرد بیٹھے رہتے ہیں اور نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوتے حالانکہ ان کو کوئی عذر بھی نہیں ہوتا۔ کیا اس طرح جنازہ (میت) حاضر ہونے اور کوئی عذر نہ ہونے کے باوجود نماز جنازہ ادا نہ کرنے کا کوئی گناہ نہیں ہے اور سامنے نماز جنازہ ہونے کے باوجود بھی نمازِ جنازہ فرض کفایہ رہتی ہے یا اس کی حیثیت بدل جاتی ہے؟

نمازِ جنازہ فرض کفایہ ہے جس کا بڑا ثواب ہے، جس وقت جنازہ، نماز جنازہ کے لیے رکھ دیا جائے اور نماز جنازہ ادا کی جانے لگے تو اس وقت وہاں موجود تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ نماز جنازہ میں شرکت کریں اور میت کی نماز جنازہ ادا کریں بلا عذر معتبر ارد گرد بیٹھے رہنا اور حاضر ہونے کے باوجود بلا عذر معتبر تماشہ بینوں کی طرح نماز جنازہ کو دیکھتے رہنا اور نماز جنازہ میں شریک نہ ہونا انتہائی بے حسی، بے مروتی ہے جو حقوق میت اور احترام نماز دونوں کے خلاف ہے جس سے بچنا چاہیے اور نماز جنازہ میں شریک ہونے کا اہتمام کرنا چاہیے۔

(ماخذہ :فتاوی محمودیہ ص ۳۷۳، ج ۲)