+(00) 123-345-11

یہاں پر آج کل ہمارے حلقہ میں مسئلہ چل رہا ہے کہتے ہیں کہ میوزک کا وصول کرنا یا اس کو تقسیم کرنا کسی بھی ذریعہ سے حرام ہے اس کی شرعی حیثیت قرآن و حدیث سے بتائیں؟ علاوہ ازیں آج کل فلم ’’خدا کے لیے‘‘ کے متعلق بڑا چرچا ہے اس میں یہ ڈائیلاگ ہے کہ دو خوبصورت اشیاء جو اللہ تعالیٰ نے انسان کو عطا کیں ایک میوزک اور دوسرے پینٹنگ یہ کیسے حرام ہو سکتی ہے؟

موسیقی قرآن و حدیث کی روشنی میں ناجائز ہے اور فقہاء امت کے چاروں مکاتب فکر اس مسئلے پر متفق ہیں لہٰذا اس کا سننا یا اس سے متعلقہ کسی قسم کا کاروبار کرنا ناجائز ہے۔

ومن الناس من یشتری لھو الحدیث لیضل عن سبیل اللہ بغیر علم ویتحذھا ھزواً اولئک لھم عذاب مھین۔ (سورۃ لقمان آیت ۶)

(ترجمہ) ’’بعض لوگ ایسے ہیں جو ان باتوں کے خریدار ہیں جو اللہ سے غافل کرنے والی ہیں تاکہ بے سمجھے بوجھے اللہ کی راہ سے بھٹکائیں اور اس راہ کی ہنسی اُڑائیں ایسے لوگوں کے لیے ذلت کا عذاب ہے‘‘۔

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے لھوالحدیث کی تفسیر میں فرمایا: ’’ھو واللّٰہ الغنائ‘‘

(سنن کبریٰ ص ۲۲۳ ج ۱)

عن عبدالرحمان بن غنم قال حدثنی ابو عامر او ابو مالک الاشعری رضی اللہ عنہ انہ سمع النبی صلی اللہ علیہ وسلم یقول لیکونن من امتی اقوام یحلون الحر والحریر و الخمر والمعازف۔ (بخاری کتاب الاشربہ)

(ترجمہ) حضرت عبدالرحمان بن غنم سے روایت ہے کہ ابو عامہ یا ابو مالک اشعری نے بتایا کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ عنقریب میری امت میں ایسے لوگ پیدا ہوں گے جو زنا، ریشم، شراب اور گانا بجانے کے آلات کو حلال سمجھیں گے۔

اور ایک روایت کا یہ مفہوم ہے کہ ’’عنقریب میری امت کے کچھ لوگ شراب پئیں گے اور اس کا نام بدل دیں گے ان کے سروں پر ناچ گانے ہوں گے اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کو زمین میں دھنسا دے گا اور ان میں سے بعض کو خنزیر اور بندر بنا دے گا‘‘ (سنن ابو دائود کتاب الاشربہ)

نیز قرآن پاک کی دوسری آیات اور بے شمار احادیث سے گانے اور موسیقی کی حرمت کا ثبوت واضح ہے اور فقہاء کرام کا بھی موسیقی کی حرمت پر اجماع ہے۔ (تفصیلی دلائل کے لیے ملاحظہ کریں ’’اسلام اور موسیقی‘‘ مؤلفہ حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ مفتی اعظم پاکستان)

واضح رہے مذکورہ فلم کے حوالہ سے جو بات کہی گئی ہے اس کا جواب یہ ہے کہ خدا تعالیٰ کا کسی چیز کو پیدا کرنا اس بات کی دلیل نہیں ہے کہ وہ شے حلال بھی ہے بہت ساری خدا تعالیٰ کی پیدا کردہ اشیاء ایسی ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہے ان کے استعمال سے انسانوں کو منع فرما دیا مثلاً مختلف انواع کے حرام جانور، مردوں کی ریشم اور سونے کا استعمال وغیرہ لہٰذا یہ بات کہنا کہ موسیقی اور پینٹنگ کو خدا تعالیٰ نے پیدا کیا ہے تو یہ حرام کیسے ہیں قطعاً درست نہیں ہے جبکہ قرآن پاک اور احادیث کی تصریحات سے ان کی حرمت واضح ہے۔"