+(00) 123-345-11

وحدۃ الوجود کے کیا معنی ہیں؟

وحدۃ الوجود کا لفظی معنی ہے وجود کی یکسانیت، وجود کا اکیلا پن، فلاسفر کے ہاں وجود کہتے ہیں موجود چیز کو۔ پھر انہوں نے اس کی تین قسمیں بنائی ہیں (الف) واجب الوجود۔ (ب) ممکن الوجود۔ (ج) ممتنع الوجود۔

(الف) واجب الوجود ایسے وجود کو کہتے ہیں جو اپنے ہونے میں اور قائم رہنے میں کسی غیر کا محتاج نہ ہو اور یہ صرف اللہ تبارک و تعالیٰ کی ذات ہے اور اس کے علاوہ کوئی اور واجب الوجود نہیں ہے۔

(ب) ممکن الوجود ایسے وجود کو کہتے ہیں جو موجود ہونے میں کسی کا محتاج ہو اور اسکو قائم رہنے کے لیے کسی سہارے کی ضرورت ہو اللہ تبارک و تعالیٰ کی تمام مخلوقات ممکن الوجود ہیں یہ وجود تو ہیں لیکن کامل درجہ کا وجود نہیں ہیں۔

(ج) ممتنع الوجود ایسا وجود جو نہ تو از خود ہو اور نہ ہی موجود ہونے میں کسی کا محتاج ہو ایسا وجود پوری کائنات میں نہیں ہے۔

لہٰذا باقی دو قسم کا وجود رہ گیا (الف) واجب الوجود (ب) ممکن الوجود۔ چونکہ کامل درجہ کا وجود صرف ایک ہی ہے جو کہ واجب الوجود ہے اور وہ ذات باری تعالیٰ ہے اس لیے بعض صوفیاء نے وحدۃ الوجود کا قول کیا کہ حقیقی معنوں میں کامل وجود صرف ایک ہی ہے اور وہ اللہ کی ذات ہے۔ اس کے علاوہ وحدۃ الوجود کی جو تشریحات ہیں وہ غلط ہیں۔ وحدۃ الوجود اور فنا فی اللہ کو ایک نہیں سمجھنا چاہیے ان میں بہت فرق ہے۔"